عابد چودھری: پنجاب پولیس کے تحفظ مراکز بے سہارا، متاثرہ اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو سماجی، قانونی اور بحالی کی خدمات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر کے تحفظ مراکز پر 48 ہزار سے زائد افراد کو مختلف نوعیت کی معاونت فراہم کی گئی۔
ترجمان کے مطابق مدد حاصل کرنے والوں میں 23 ہزار 522 خواتین، 19 ہزار 223 بچے اور 5 ہزار 369 ٹرانسجینڈرز شامل ہیں۔ صرف لاہور میں قائم تحفظ مراکز پر 3 ہزار 554 افراد کو خدمات فراہم کی گئیں، جن میں 2 ہزار 385 بچے، 960 خواتین اور 209 ٹرانسجینڈرز شامل ہیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں 39 جبکہ لاہور میں 3 تحفظ مراکز روزانہ کی بنیاد پر کمزور اور متاثرہ طبقات کو معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے کہا کہ تحفظ مراکز ٹرانسجینڈرز اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کی مدد، تحفظ اور بحالی کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈر وکٹم سپورٹ افسران اپنی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صنفی جرائم، استحصال اور تشدد کا شکار افراد کی معاونت کے لیے آؤٹ ریچ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ٹرانسجینڈرز، خواتین اور بچوں سے متعلق معاملات میں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الائیڈ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے محروم اور کمزور طبقات کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں۔