(ویب ڈیسک)بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں جاری تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پہلے بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھنے پر جم کر بحث ہوئی، اسکے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھارت میں اپنے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا،اور اب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بدلنے کی تجویز کو کرکٹ آئرلینڈ نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ان حالات میں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آئی سی سی کے ساتھ ایک میٹنگ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تجویز پیش کی تھی کہ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ آپس میں گروپ بدل لیں جس سے بنگلہ دیش کے میچ آگے بڑھ جائیں۔ بورڈ نے دلیل دی کہ اس سے لاجسٹک تبدیلیاں کم سے کم ہوں گی۔تاہم کرکٹ آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ تبدیل کرنے کی تجویز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد بی سی بی کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ اس دوران کرکٹ آئرلینڈ نے واضح کیا ہے کہ اس کی ٹیم کا شیڈول جوں کا توں رہے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیم اپنے سبھی گروپ اسٹیج میچ سری لنکا کی راجدھانی کولمبو میں کھیلے گی۔
رپورٹ کےمطابق کرکٹ آئرلینڈ کے ایک اہلکار نے ’کرک بز‘ کو بتایا کہ ہمیں آئی سی سی کی طرف سے واضح یقین دہانی ملی ہے کہ ہم اصل شیڈول سے نہیں ہٹیں گے۔ ہم یقینی طور پر سری لنکا میں ہی گروپ اسٹیج میچ کھیلیں گے۔ اس بیان سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی امیدوں کو براہ راست دھچکا لگا ہے۔ بنگلہ دیشی بورڈ مسلسل آئی سی سی سے گزارش کررہا ہے کہ اس کی ٹیم کے مقابلے بھارت کی بجائے سری لنکا میں میچ دیئے جائیں۔بنگلہ دیشی حکومت نے ٹیم، مداح، میڈیا اور معاون عملے کی حفاظت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ اسی وجہ سے بنگلہ دیشی بورڈ نے آئی سی سی سے بنگلہ دیش کے میچ سری لنکا منتقل کرنے اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بدلنے پر غور کرنے کی درخواست کی ہے۔ بی سی بی کا خیال ہے کہ یہ صرف گروپ سویپ سے ہی ممکن ہوسکتا ہے لیکن آئرلینڈ کے انکار کے بعد یہ راستہ بھی بند ہوگیا ہے۔
موجودہ صورتحال یہ ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم بھارت میں کھیلنے پر راضی نہیں ہو رہی ہے۔ وہیں آئی سی سی بھی شیڈول میں تبدیلی کیلئے تیار نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئرلینڈ ٹورنامنٹ پر شک ظاہر کرتے ہوئے گروپ سویپ سے اتفاق نہیں کر رہا ہے۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ آئی سی سی آپشنز پرغور کر رہا ہے لیکن ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کو گروپ سی میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیپال اور اٹلی کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ بنگلہ دیش 3 میچ کولکتہ اور ایک ممبئی میں کھیلے گا۔ گروپ بی میں آئرلینڈ سری لنکا، آسٹریلیا، زمبابوے اور عمان کے ساتھ ہے۔ آئرلینڈ کے تینوں گروپ میچ سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App