سٹی42: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام اور نقصانات میں کمی کے لیے میگا پراجیکٹ شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کمپنی کے 100 ہائی لاسز فیڈرز پر جدید برقی تاریں بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق زیادہ نقصانات کا سبب بننے والے فیڈرز پر ایریل بنڈل کنڈکٹر (ABC) نصب کیے جائیں گے، جو ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی مؤثر روک تھام میں مددگار ثابت ہوں گے۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 1300 کلومیٹر سے زائد علاقے میں جدید اے بی کنڈکٹر لگائے جائیں گے۔
یہ میگا پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ لیسکو کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں جدید کیبلز بچھائی جائیں گی، جن میں برکی، بی آر بی، پنجاب یونیورسٹی فیڈر، نشاط کالونی، واہگہ، مانگا منڈی، شاہدرہ، راوی روڈ، حمزہ ٹاؤن، شاہ پور اور بیدیاں روڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔