ایس ایم عتیق شاہ بخاری:آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ میں حصہ لینے والی 20 ممالک کی ٹیموں میں سے پاکستان سمیت8 ممالک کی ٹیموں نے سپر-8 راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان نے آج نمیبیا کو 102 رن سے ہرا کر ٹی-20 ورلڈ کپ میں سپر-8 کا ٹکٹ کٹوا لیا ہے۔ پاکستان نے 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانیوالے ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے اپنی شرکت کو یقینی بنا لیا ہے۔
آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ میں کل 20 ٹیموں کو 4مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں سپر-8 کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں، گروپ’اے ‘ سے بھارت اور پاکستان، گروپ ’بی ‘سے سری لنکا اور زمبابوے ، گروپ ’سی‘ سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جبکہ گروپ ’ڈی‘ سے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ نے کوالیفائی کیا ہےْ
پاکستان نے آج کی جیت سے ٹی20 ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے اپنا کوالیفیکیشن بھی یقینی بنا لیا جو 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔کولمبو میں نمیبیا کے خلاف میچ میں یہ ٹی-20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی جیت بھی ہے۔صاحبزادہ فرحان کو 50 سے 100 رن تک پہنچنے میں صرف 20 گیندیں لگیں، وہ ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بن گئے، اس سے پہلے 2014 میں میرپور میں احمد شہزاد نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنائی تھی۔
پاکستان نے اسپنر عثمان طارق اور لیگ اسپنر شاداب خان کی بہترین بالنگ کی بدولت نمیبیا کی ٹیم کو 17.3 اوورز میں صرف 97 رن پر سمٹ دیا۔ سلمان مرزا اور محمد نواز نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے نمیبیا کی ٹیم کو 200 رنز ٹارگٹ دیا تھا۔