سٹی42: پاکستانی لڑکے کی محبت میں برباد ہونے والی امریکی خاتون کے بعد آن لائن محبت کے ہاتھوں برباد ہونے والی یورپی خاتون کی کہانی نے سوشل پلیٹ فارمز پر خوف و ہراس پھیلا دیا۔
آن لائن محبت کسی بھی غیر محتاط مرد یا عورت کو ہو سکتی ہے لیکن یہ آن لائن محبت اتنی مہنگی بھی پڑ سکتی ہے، یہ دیکھ کر بہت سے شوقیہ محبت کے متلاشیوں میں خوف اور تشویش پھیل رہی ہے جس کا اظہار سوشل پلیٹ فارمز پر سامنے آ رہی پوسٹوں سے ہو رہا ہے۔
یو اے ای میں مقیم خاتون 12 ملین درہم سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے بعد پولیس کے پاس شکایت لے کر گئی تو وہاں سے یہ سٹوری لیک ہو کر اخبارات اور سوشل پلیٹ فارمز پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ ، دبئی پولیس کے سائبرکرائم کے ڈائریکٹر کرنل سعید الھاجری نے سوشل پلیٹ فارمز پر شوقیہ محبت کے متلقشیوں کو ’رومنٹک فراڈ ‘ کا شکار ہونے سے بچنے کی ہدایت کی۔
امارات الیوم کے مطابق کرنل الھاجری نے ’عرب کاسٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کے فراڈ ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک یورپی معمر خاتون سے افریقی شخص نے رومنٹک فراڈ کر کے 12 ملین درہم ہتھیا لیے۔
اب جو اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ان کے مطابق فراڈ افریقی شخص کا بخوشی شکار بننے والی خاتون اپنی تنہا زندگی سے اکتائی ہوئی تھیں۔ ان کا سوشل پلیٹ فارم پر رابطہ ایک افریقی شخص سے ہوا جس نے اپنے بارے میں غلط معلومات مہیا کیں۔
کرنل الھاجری نے مزید بتایا کہ معمر خاتون کی جس دھوکے باز سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی اس نے خود کو دبئی میں مقیم مہذب اور پرکشش نوجوان ظاہر کیا۔ خاتون اس کی باتوں میں آ گئی اور زندگی بھر کی جمع پونجی 12 ملین درھم اسے منتقل کر دی۔
یورپی خاتون جب اس سے ملاقات کے لیے دبئی پہنچی تو معلوم ہوا کہ جو ایڈریس اس نے دیا تھا وہاں اس نام اور شکل کا کوئی شخص رہتا ہی نہیں تھا۔
دھوکے کا علم ہونے پر خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا، کیس سائبرکرائم کو منتقل کیا گیا جہاں سے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ جس اکاؤنٹ کے ذریعے ان کا رابطہ تھا وہ دبئی سے نہیں بلکہ افریقہ سے آپریٹ ہوتا تھا۔