زبیر اعوان: ایبٹ آباد پولیس کا فوری ایکشن، خاتون پر تیزاب پھینکنے والا ملزم گرفتار، واقعے میں خاتون بری طرح جھلس گئی، مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ایبٹ آباد کے تھانہ نواں شہر کی حدود ٹھنڈا چوا میں موٹر سائیکل سوار صدیق ولد بوستان نے جواں سالہ خاتون پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہو گیا، جس سے خاتون کا چہرہ بری طرح جھلس گیا،خاتون ایوب میڈیکل کمپلیکس میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نواں شہر پولیس کو ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے جس پر ڈی ایس پی میرپور سراج خان، ایس ایچ او میرپور سردار طاہر سلیم اور ایس ایچ او نواں شہر اصغر خان نے ٹیم کے ہمراہ بروقت کاروائی کی، اور پولیس ٹیم نے تیز ترین کارروائی کرتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا جس پر ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے پولیس افسران کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے۔