انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس

انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)  مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔

ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ  9 مئی کے ذمہ داروں نے کوئی سبق نہیں سیکھا، بیرون ملک سے پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے یہ بلا سبب نہیں ہے ، یہ اسی سازش کی ایک کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے آ رہے ہیں، ملک دشمن مہم رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

انہوں نے کہا کہ کل سے ملک میں ایک ہیجان کی کیفیت بنائی ہوئی ہے، ڈسکہ الیکشن کی مثال آپ کے سامنے ہے، انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، الزام لگانے والوں کو جواب دینا ہمیں آتا ہے، کمشنر راولپنڈی کا الیکشن کمیشن یا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن عطاتارڑ نے کہا ہے کہ کل ایک کمشنر صاحب کو 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی ہے جنہوں نے بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگا دیئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما  عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ کمشنر صاحب آپ آراو نہ ڈی آر او ہیں اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیے گئے، جن حلقوں سے پی ٹی آئی جیتی وہاں دھاندلی نہیں ہوئی؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے سب سے پہلے لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی، الزام لگانے والوں کو ہمیں جواب دینا آتا ہے، جن حلقوں سے مخالف جماعتوں کو شکست ہوئی اسے تسلیم کریں۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نے خندہ پیشانی سے شکست کو قبول کیااور پیچھے نہیں ہٹے ، آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، آنے والا دور مسلم لیگ ن کا دور ہے، آئندہ چند روز میں پنجاب میں حکومت بنانے جارہے ہیں۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعت نے سوشل میڈیا کو جھوٹا بیانیہ بنانے کیلئے استعمال کیا گیا، ان لوگوں نے سائف لہرا کر ملکی مفاد کو داؤ پر لگادیا۔

لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آر اوز اور ڈی آراوز کو دھمکا کر لیاقت چٹھہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی پیدا کی جارہی ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی لیاقت چٹھہ کی نئی کہانی سامنے لے کر آئی، لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس سے قبل اسلم اقبال سے ملاقات کی۔