نو مئی واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک

نو مئی واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک)نو مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کر دیئے گئے۔
لاہور پولیس کی درخواست پر نادرہ نے نو اور دس مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیئے۔
لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے 18 اشتہاری ملزمان رہنماوں کے شامل تفتیش  نہ ہونے اور انسداد دہشتگردی عدالت پیش نہ ہونے پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست کی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔