(سٹی 42) باغوں کے شہر لاہور میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کو بند کردیا گیا جبکہ پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔
لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لاہورسے اسلام آباد، ملتان کیلئے موٹروے کو ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیاجبکہ ائیرپورٹ کے اطراف میں دھندسے رن وے پر حد نگاہ 600 میٹر سے بھی کم رہ گئی، جس کے باعث لاہور آنے جانیوالی 2 پروازیں منسوخ، 2 تاخیر کا شکار ہوگئیں، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب دھند سے ملک بھر میں ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثرہوگیا جس کے نتیجے میں کراچی ایکسپریس ساڑھے5، وی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس 3گھنٹے ،عوام ایکسپریس3، فرید ایکسپریس 3، جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
دھند کے باعث رائیونڈ کے علاقے بچوکی پھاٹک پر 2رکشوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ4زخمی ہوگئے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہرمیں کم سےکم درجہ حرارت6 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوامیں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی موجودہ صورتحال 2 روز تک برقرار رہے گی جبکہ 20دسمبر سے بارشوں کا امکان ہے،جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گاجبکہ دھند چھٹ جائے گی۔