مناواں میں انسانیت سوز واقعہ، شوہر نے بیوی کو زندہ جلادیا


(ندیم خالد) مناواں میں اندوہناک واقعہ، شوہر نے بیوی پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔

لاہور میں ایک اور حوا کی بیٹی سسرالیوں کے ظلم کی بھینٹ چڑھ گئی، مناواں میں شوہر نے بیوی نازیہ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

پولیس کو مقدمہ درج کرواتے ہوئےمقتولہ کےوالد کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ان دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوتا تھا اور نازیہ کو اس کا شوہر پہلے بھی مارتا ،گالیاں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا جبکہ والدہ نے مطالبہ کیا کہ اس کی بیٹی کا چار ماہ کا بچہ ان کے حوالے کیا جائے۔ نازیہ کی نعش تاحال جناح ہسپتال میں پڑی ہے۔ نازیہ کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔