ویب ڈیسک : پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے مقابلوں کا شیڈول بھی جاری کردیا۔
سرکاری اسکولوں میں ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کے مقابلے کرائے جائیں گے، جبکہ والی بال، ایتھلیٹکس، شطرنج اور فٹبال بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل ہوں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق کھیلوں کے مقابلے تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر منعقد کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
تحصیل سطح کی کمیٹی کے کنوینر ڈپٹی ڈی ای او جبکہ متعلقہ ہیڈ ٹیچر سیکریٹری ہوں گے۔ ضلعی سطح پر متعلقہ سی ای او ایجوکیشن کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے اسی طرح ڈویژنل سطح پر ڈویژنل ڈائریکٹر اور صوبائی سطح پر ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام کمیٹیوں کو ستمبر کے آخر تک کھیلوں کی سرگرمیوں کا کیلنڈر جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمے کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور ان مقابلوں میں بھرپور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانا ہے۔