ویب ڈیسک:وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے بدمعاشی کرتے ہوئے رینجرز کی نگرانی میں شہباز گل کو وفاقی دارالحکومت منتقل کیا، شہباز گل کی جان کو شدید خطرہ ہے، معزز اعلیٰ عدالتوں سے انسانی حقوق کی خاطر مداخلت کی اپیل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہاشم ڈوگر نے کہا کہ پنجاب پولیس نے شہباز گل کو قریبی ہسپتال شفٹ کرنے کی کوشش کی لیکن اسلام آباد پولیس نے بدمعاشی کی، شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پچھلے تین دن میں ان کی حالت بہتر ہوگئی تھی،
شہباز گل ابھی تک شدید ڈپریشن کا شکار تھے، جب پتا چلا کہ دوبارہ پولیس کی تحویل میں دیا جا رہا ہے تو حالت تشویشناک ہوگئی، عمران خان نے کبھی کسی ادارے کے بارے میں غلط بات کرنے کا درس نہیں دیا، غدار بن گئے محب وطن اور محب وطن غدار بن گئے ہیں۔
ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ ماضی میں لوگوں نے کہیں زیادہ غلط باتیں کیں، شروع میں روک دیا جاتا تو بات یہاں تک نہ پہنچتی، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ شہباز گل کا جوڈیشل ریماند کینسل ہوجائے۔