سٹی 42: وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون مزید سخت کرنے پر مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اور فحاشی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن میں سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد مقرر کرنا بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیملی وی لانگ کے نام پر فحاشی کے مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی تجاویز زیر غور ہیں، جبکہ کئی ممالک کی طرح بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پی ٹی اے، این سی سی آئی اے اور وفاقی و صوبائی پولیس حکام شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بچوں کے استحصال اور فحاشی سے متعلق کیسز کا جائزہ بھی پیش کیا جائے گا، جبکہ آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔