ویب ڈیسک:کینیڈا کے شہر سری میں واقع معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ریسٹورنٹ کپس کیفے پر ایک بار پھر فائرنگ کی گئی ہے۔ یہ چند مہینوں میں تیسرا حملہ ہے جس نے مقامی بھارتی کمیونٹی اور کپل کے مداحوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
تازہ واقعہ میں کیفے پر تین گولیاں چلائی گئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں کیفے کے باہر پولیس کی گاڑیاں اور فلیشنگ لائٹس دیکھی جا سکتی ہیں جو حملے کے فوراً بعد موقع پر پہنچیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھے حملہ آور نے کیفے پر متعدد گولیاں برسائیں جس کی وجہ سے عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔ خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس فائرنگ واقعے کی ذمہ داری مبینہ طور پر گینگسٹر لارنس بشنوی کے گروپ سے وابستہ کولویر سدھو اور گولڈی ڈھِیلون نے سوشل میڈیا پر قبول کی ہے۔
حملہ آوروں کی وائرل ایک مبینہ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ’’ ہمارا عام عوام سے کوئی جھگڑا نہیں۔ جو لوگ ہمیں دھوکہ دیتے ہیں اُنہیں خبردار کیا جا رہا ہے اور جو بالی ووڈ شخصیات ہمارے مذہب کے خلاف بولتی ہیں، اُنہیں بھی تیار رہنا چاہیے کیونکہ گولیاں کہیں سے بھی آ سکتی ہیں۔‘‘
مقامی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں،یاد رہے 4 ماہ کے اندر تیسری بار کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ ہوئی ہے۔
پہلا حملہ 10 جولائی کو ہوا تھا، جب نامعلوم افراد نے کیفے کے باہر فائرنگ کی، دوسرا واقعہ 7 اگست کو پیش آیا، جس میں اطلاعات کے مطابق 25 سے زائد گولیاں چلائی گئیں۔
کپل شرما یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا لیکن ان حملوں نے ان کے چاہنے والوں کو فکر مند کر دیا ہے۔ کینیڈا میں مقیم بھارتی کمیونٹی بھی ان واقعات سے پریشان ہے اور مطالبہ کر رہی ہے کہ جلد از جلد سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ پرتشدد سلسلہ ختم ہو۔