کشمیر میں پھر 15 روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

 کشمیر میں پھر 15 روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)وہی ہوا جس کا ڈر تھا، کورونا میں شدت آنے کے بعد حکومت نے کشمیر میں ایک بار پھر 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیرکی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، لاک ڈاؤن کا آغاز 21 نومبر رات 12 بجے سے 6 دسمبر رات 12 بجے تک کے لیے ہوگا۔
تفصیلا ت کے مطا بق کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہرقسم کے عوامی اجتماعات ،جلسے وجلوسوں بشمول زیارات وغیرہ پر اجتماع پر پابندی عائد رہے گی۔ تمام سرکاری ،نیم سرکاری، خود مختار، پرائیویٹ ادارہ جات 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کریں گے، عملے کا تعین ادارے کا سربراہ کرے گا اوردفاتر میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ ہرقسم کے تعلیمی وتربیتی ادارے بشمول مدارس بندرہیں گے، شادی بیاہ کے اجتماعات پر پابندی ۔ ہالز وغیر ہ مکمل بند رہیں گے۔ ہوٹل اور ریستوران کے اندر کھانا سروکرنے کی اجاز ت نہ ہوگی ۔

ٹیک آوے کی حد تک اجازت ہوگی، تمام شاپنگ مالز ،تجارتی مراکزہر طرح کی تجارتی سرگرمیوں کے لئے بندرہیں گے۔ تمام پرائیویٹ کلینک بھی مکمل طور پر بندرہیں گے۔وزیرصحت نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کی حدود میں سیاحوں کی آمد ورفت پرپابندی ہوگی۔

اسی طرح پارک اور تفریحی مقامات،باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز وغیر ہ بندرہیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ ایس اوپیز کے مطابق چلے گی جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔