یکم جنوری 2021ء سے بی اے اور ایم اے پروگرام ختم

یکم جنوری 2021ء سے بی اے اور ایم اے پروگرام ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ(علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں کابینہ کا 37واں اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز ایکٹ 2014ء میں ترامیم اور دوبارہ نفاذ کی منظوری دی گئی، ایکٹ میں ترمیم سے کمیشن کے ممبران کی تعداد 23 سے بڑھ کر 27 ہو جائیگی، ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمیٹیوں کی طرز پر تحصیل کی سطح پر بھی اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کمیٹیاں بنیں گی۔

اجلاس میں ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی جبکہ چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے لئے مجوزہ مسودے کی منظوری دی یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے زیر انتظام 3 سکول، سکول آف پوسٹ گریجوایٹ نرسنگ، سکول آف الائیڈ میڈیکل سائنسز اور سکول آف پیڈیاٹرک بنیں گے۔

اجلاس میں بی اے /بی ایس سی،ایم اے /ایم ایس سی پروگرامزکو فیز آؤٹ کرنے کے بعد سرکاری کالجوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی، یکم جنوری 2021ء سے بی اے اور ایم اے پروگرامز ختم ہو جائیں گے اور نئے داخلے نہیں ہو ں گے، ڈگری کالج کا نام تبدیل کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری کالج، پوسٹ گریجویٹ کالج کا نام تبدیل کر کے گریجویٹ کالج رکھا جائے گا۔

اسی طرح ایم فل کیلئے پوسٹ گریجویٹ کالج ہو گا، کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر کے سیکشن اے 14 کو واپس لینے کے فیصلے کی منظوری دیدی، اجلاس میں پنجاب موٹروہیکلز ٹرانزیکشن لائسنسز رولز2015ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی، 10 سال سے زائد تجربہ رکھنے والے غیر مجاز کار ڈیلرسے رجسٹریشن کے حوالے سے مجاز ڈیلر کے برابر سکیورٹی فیس لی جائے گی جبکہ10 سال سے کم تجربہ رکھنے والے غیر مجاز موٹر کار ڈیلر سے سکیورٹی فیس مجاز ڈیلر کے مقابلے میں دو گنا لی جائے گی۔

پنجاب فنانس ایکٹ 2019 کے تحت زرعی اراضی کے علاوہ نیشنل، صوبائی ہائی ویز اور موٹرویز کے اطراف ریٹنگ ایریا کے باہرعلاقوں کو پراپرٹی ٹیکس کے نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں لوکل گورنمنٹ لینڈ یوز پلان رولز 2020 کا جائزہ لیا گیا اور لینڈ یوز پلان رولز کا از سر نو جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی، کمیٹی لینڈ یوز پلان کے حوالے سے جلد اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گیـ

اجلاس میں عبدالستار کی کنٹریکٹ اپوائنٹمنٹ بطور چیئرمین/ ممبر پنجاب لیبر ایپلٹ ٹربیونل ٹو ملتان کے قواعدوضوابط کی منظوری دی گئی، اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 21ستمبر 2020ء کو گندم پالیسی کے حوالے سے منعقد ہونیوالے خصوصی اجلاس اور 6 اکتوبر2020ء کومنعقدہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 41 ویں، 42 ویں اور 43 ویں اجلاس کے فیصلوں اورسٹینڈگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 33 ویں، 34 ویں اور 35 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

Sughra Afzal

Content Writer