سٹی 42 : رانا ثناء اللہ بھارتی گولہ باری کا نشانہ بننے والے افراد کو تسلی دینے کیلئے وادی نیلم پہنچ گئے۔
رانا ثناء اللہ نے جورا، شاہکوٹ ،بگنہ میں بھارتی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ وہ بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے افراد کے گھر بھی گئے۔ مشیر وزیر اعظم نےشہداء کے ورثاء سےملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا، انہوں نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔
رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہونے والے 02 افراد کے ورثاء کو 01 کروڑ روپے فی کس امدادی چیک دئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر آپ کے پاس تشریف لایا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جس قوم میں شہادت پانے کا جذبہ موجود ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، انڈیا کو بلا جواز مسلط کی گئی جنگ میں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا، انڈیا نے دوبارہ غلطی کی تو اس سے بڑھ کر جواب ملے گا، ہمیں اپنی مسلح افواج اور حکومت پر پورا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے موثر سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیاہے، بھارت نے بلا جواز سویلین آبادی کو ٹارگٹ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے عوام نے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا خس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ حکومت پاکستان، افواج پاکستان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔