ویب ڈیسک: سعودی عرب میں مسجد نبویؐ میں آنے والے عازمین حج کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی "سمارٹ معاون" ایپ متعارف کرا دی گئی ہے۔ یہ جدید سہولت ادارہ امور حرمین شریفین کے دینی شعبے کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کی جانب سے پیش کی گئی، اس موقع پر مسجد نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالباری بن عواض الثبیتی بھی موجود تھے۔
ادارہ امور حرمین کے دینی شعبے نے حج 1446 ہجری کے لیے جامع آپریشنل پلان جاری کر دیا ہے جس میں 120 اقدامات شامل ہیں، جن کا مقصد عازمین حج کی بہتر رہنمائی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس ضمن میں متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل رہنما ضوابط بھی جاری کیے گئے ہیں۔
حجاج کی رہنمائی کے لیے روبوٹ "منارہ" کے دوسرے ورژن کو بھی لانچ کر دیا گیا ہے جس میں مزید زبانوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 50 علمی و فکری پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ حجاج کرام کو مذہبی و فکری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے مطابق حج سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مکہ کے مرکزی علاقے میں پیدل چلنے والوں کے لیے ٹریکس کو کشادہ کیا گیا ہے، جبکہ ہجوم کنٹرول کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔
حج آپریشنل پلان کے تحت "مکہ بس" پروگرام کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 400 بسیں 12 مخصوص راستوں پر حجاج کو سفری سہولت فراہم کریں گی۔
مشاعر مقدسہ جیسے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں ترقیاتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزدلفہ میں ایک لاکھ 70 ہزار مربع میٹر پر مخصوص "نرم راستہ" تعمیر کیا گیا ہے۔ منیٰ میں 200 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور 71 طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
حجاج کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی مشاعر مقدسہ میں سائے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 400 واٹر کولرز بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔