ویب ڈیسک: ایف آئی اے فیصل آباد زون نے ویزہ فراڈ میں ملوث ایک بڑے نوسرباز کو گرفتار کر لیا جو بیرون ملک ملازمت کے جھانسے میں شہری سے کروڑوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم محمد اشفاق کو المعصوم ٹاؤن فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے ایک شہری سے نیوزی لینڈ کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے عوض 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی مگر نہ ویزہ دیا اور نہ ہی بیرون ملک بھجوانے کا وعدہ پورا کیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ تفتیش کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔