ویب ڈیسک: اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ اور ٹیلی ویژن میزبان نور بخاری کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوگئی۔
سابقہ اداکارہ نور نے 2012 میں عون چوہدری سے شادی کی تھی اور ان سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے لیکن یہ شادی بھی صرف چند ماہ تک ہی رہی 2015 میں اداکارہ نے گلوکار ولی حامد سے چوتھی شادی کی تھی جو کہ 2017 میں ختم ہوگئی تھی۔2020 میں ہی نور بخاری کی عون چوہدری سے دوبارہ شادی کی خبر سامنے آئی تھی۔
اب سابقہ اداکارہ نور بخاری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی فیملی میں نئے فرد کے اضافے کی خوشخبری اپنے فینز کو سنائی۔
انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں نور بخاری نومولود کا ہاتھ تھامے ہوئی ہیں جسکے ساتھ منسلک کیپشن میں انہوں نے قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے ننھی پری کے نام سے آگاہ کیا اور لکھا کہ’اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی رحمت سے ایک خوبصورت بیٹی دعا زہرہ سے نوازا ہے۔‘
انہوں نے اپنے تمام فینز سے بیٹی کے اچھے نصیب کیلئے دعا کی درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ’اللہ پاک اسے نظر بد سے محفوظ رکھے، صحت مند، نیک، خوش نصیب اور والدین کے لیے باعثِ سکون بنائے۔میری دعا کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔‘
واضح رہے کہ سال 2023 میں نور بخاری نے ایک بیٹے کو بھی جنم دیا تھا جسکا نام علی رضا رکھا تھا‘نور بخاری 4 بچوں کی والدہ ہیں جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔