مانیٹرنگ ڈیسک: بیرون ملک میں کرکٹ کھلوانے کا جھانسہ دے کر جعلی ایجنٹ پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر سے ساڑھے 17 لاکھ روپے بٹور کر فرار ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر فضل سبحان نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے سے پریشان ہوکر پک اپ چلانا شروع کر دی تھی۔ اس صورتحال میں ایک ایجنٹ نے آئرلینڈ کرکٹ سے 2 سال کے معاہدے کا جھانسہ دیکر ساڑھے 17 لاکھ روپے بٹور لیے۔ اس واقعے سے متعلق فضل سبحاننے کہا کہ جو جمع پونجی تھی سب بہتر مستقبل کیلئے ایجنٹ کو دے دی۔
فضل سبحان نے بتایا کہ ایجنٹ نے بینک اکاؤنٹس اور آن لائن رقم وصول کی، تمام ثبوت موجود ہیں ۔ زمین اور زیور بیچنے کے ساتھ قرضہ لے کر ایجنٹ کو رقم دی تھی۔ کرکٹر فضل سبحان نے سیکیورٹی اداروں سے مدد کا مطالبہ کر دیا۔
یاد رہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹر فضل سبحان پاکستان اے کا بھی حصہ رہ چکے ہیں اور انڈر19 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔