(علی ساہی)محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے بجٹ میں 81 کروڑ روپے کا کٹ لگا دیا گیا، نئے مالی سال میں پنجاب کی 36 جیلوں کےلیے 9 ارب 61 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں قید ہزاروں قیدیوں اورپولیس افسران و اہلکاروں کی سکیورٹی اور فلاح وبہبود کےلیے مالی سال دوہزاربیس اکیس میں رواں مالی سال کی نسبت 81 کروڑ روپے بجٹ میں کٹ لگایا گیا ہے۔ نئے مالی سال میں ملازمین سے متعلق اخراجات کی مد میں 7ارب 82 لاکھ جبکہ تنخواہوں کی مد میں 3 ارب 66 کروڑ اورالائونسز کی مد میں 3 ارب 33 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
پنجاب کی 36 جیلوں کو چلانے کےلیے آپریشنل اخراجات کی مد میں 2 ارب 11 کروڑ اور ملازمین کی فیملیز اورریٹائرمنٹ فنڈ کی مد میں 11کروڑ13 لاکھ روپےمختص کیے گئے ہیں۔ جیل خانہ کی فزیکل ایسٹس کی مد میں 27 کروڑ 39 لاکھ جبکہ رپیئر اینڈ مینٹینینس کے لیے ایک کروڑ نواسی لاکھ روپے رکھے گئےہیں۔
یاد رہے کہ مالی سال دوہزار انیس بیس میں محکمہ جیل خانہ کا بجٹ 10 ارب 43 لاکھ روپے تھا جس میں آپریشنل اخراجات کی مد میں 2 ارب 47 کروڑ روپے دیئے گئے تھے جو نئے مالی سال میں 36 کروڑ روپے کم کردئے گئے ہیں۔