ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے کل سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے کل سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، جبکہ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 25 جولائی کے دوران آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں 19 سے 23 جولائی اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 19 سے 24 جولائی تک آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور دیگر علاقوں میں کہیں کہیں شدید بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، نارووال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ساہیوال، اوکاڑہ اور دیگر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔

سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور سمیت مختلف علاقوں میں بھی 20 سے 24 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بجلی کے کھمبوں، تاروں اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے جبکہ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔