ویب ڈیسک : پاکستان کے ابھرتے ہوئے کیوئسٹ حسنین اختر نے بحرین میں جاری آئی بی ایس ایف(IBSF) ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کےلیےکوالیفائی کرلیا۔
آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ بحرین کے شہر مانامہ میں جاری ہے جہاں حسنین نےآج پہلے کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
صبح کے سیشن میں حسنین نے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے کیشٹوف چیپنک کو 1-3 سے شکست دی جس کے بعد سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ایک اور پولیش پلیئر سے ہوا ۔
حسنین نے بیسٹ آف سیون کے سیمی فائنل میں اولیور نیزاویک کو مکمل آوٹ کلاس کرتے ہوئے بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے 0-4 سے کامیابی سمیٹی۔
حسنین اختر کی کی جیت کا اسکور 76-1، 69-8، 88-0 اور 62-37 رہا ۔حسنین آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 چیمپپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے والے پہلے پاکستانی پلیئر ہیں۔ فائنل میں حسنین کا مقابلہ کل ویلز کے رائیلی پاویل سےہوگا۔
2022 سے قبل اس چیمپئن شپ کو انڈر 18کا درجہ حاصل تھا اور انڈر 18 ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے نسیم اختر نے 2017 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا
یاد رہے کہ حسنین اختر اس وقت ایشین انڈر 21 چیمپئن بھی ہیں۔