لوکل گورنمنٹ کے فنڈز استعمال کرنیکا نوٹیفکیشن معطل کرنیکا تحریری حکم جاری

LHC
کیپشن: LHC
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی اداروں کی عدم بحالی کا معاملہ، ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کا لوکل گورنمنٹ کے فنڈز استعمال کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے، چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو طلب کرنے کا عبوری تحریری حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نے میئر لاہور مبشر جاوید سمیت دیگر کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کیا، تحریری عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے لاء افسر نے بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق سمری بھجوائے جانے کا ذکر تو کیا مگر کوئی دستاویز پیش نہیں کی، حکومت پنجاب نے اپنے جواب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کے اقدام کو ناقابل قبول کہا ہے۔

 تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب ایسے جواب کی بنیادی وجوہات بیان کریں، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کروانے کیلئے ہائیکورٹ کو سماعت کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

 درخواست گزاروں کیجانب سے چودھری عمران رضا چدھر ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے، درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا حکم دیا، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

 درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت سپریم کورٹ کے بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے، مزید استدعا کی گئی کہ عدالت منتخب نمائندوں کو بلدیاتی اداروں کے دفاتر جوائن کروانے کا حکم دے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer