سٹی42: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹروے کے مختلف سیکشنز کو حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹرویز کی بندش کے باعث ٹریفک کا دباؤ قومی شاہرات پر منتقل ہو گیا ہے، جہاں موٹروے پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو (M-2) لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم تھری (M-3) فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون (M-11) پر بھی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہرات پر دھند کا پیٹرن تبدیل ہو چکا ہے اور دھند ٹکڑوں کی صورت میں موجود ہے، جو ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ایسے حالات میں اچانک حدِ نگاہ کم ہونے کا خدشہ رہتا ہے، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔