ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وعدے نہیں عمل

سیف اعوان

وعدے نہیں عمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

پنجاب میں 2024 اور 2025 کے سال کارکردگی، ڈلیور کرنے عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں لانے اور انفراسٹرکچر کے سال رہے ہیں۔ پنجاب میں ان دو سالوں میں وہ کام ہوئے ہیں جو ماضی میں کوئی حکومت پنجاب تو دور پورے پاکستان میں نہیں کر سکی۔

  پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز پہلی مرتبہ کسی عوامی عہدے پر فائز ہوئی لیکن ان کے طرز حکومت سے بالکل بھی ایسا نہیں لگا کہ وہ پہلی مرتبہ عوامی عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔ دو سالوں میں پنجاب میں تعلیم، صحت ،روزگار، انفراسٹرکچر، خواتین ،نوجوان ،کسان، مزدور سمیت ہر شعبے میں مریم نواز نے انقلابی اور تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔مریم نواز کی حکومت کے پہلے سال میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبے کی ایک تاویل فہرست ہے۔ ان سب سے براہ راست عام آدمی کو فائدہ ملا ہے ۔تعلیم اور صحت کے شعبے سب سے نمایاں ہیں ان شعبوں میں مریم نواز کی حکومت نے واقعی ہی انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں کیونکہ عام آدمی براہ راست ان دو شعبوں سے منسلک ہے ۔یہ پنجاب میں کم از کم پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ہر سرکاری ہسپتال میں سپیکر پر باقاعدہ اعلان کیا جاتا ہے کہ آپ کو تمام ادویات ہسپتال سے ملیں گی آپ کے تمام ٹیسٹ ہسپتال کے اندر سے ہوں گے اگر آپ کو باہر سے کوئی دوائی خریدنے اور ٹیسٹ کروانے کے لیے کہے تو اس کی فورا شکایت کریں ۔یہ مریم نواز کا مریضوں کے لواحقین کے لیے بہت بڑا کارنامہ ہے۔

  اگر تعلیم کے شعبے کی بات کریں تو پنجاب میں ڈیرہ غازی خان سے صادق آباد اور اٹک تک سرکاری سکولوں کی ری ویمپنگ ہو رہی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر طلبہ کو ہونہار سکالرشپ دی گئی ہے اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں ۔ماضی میں مسلم لیگ نون کی حکومت نے طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ شروع کیا پھر پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد یہ منصوبہ بند کر دیا گیا گو کہ تحریک انصاف سب سے زیادہ نوجوان طبقے کی جماعت بننے کا دعوی کرتی تھی اس کے باوجود انہوں نے نوجوانوں کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے ۔

 پنجاب میں زراعت ایک اہم ترین شعبہ ہے مریم نواز نے جس طریقے سے پنجاب کے کسان کے لیے منصوبے شروع کیے ہیں اس کی بھی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے میانوالی میں اپنی تقریر کے دوران فخر کے ساتھ بتایا کہ 25 سال میں پنجاب میں 20 ہزار ٹریکٹر کسانوں کو تقسیم کیے گئے لیکن ان کی حکومت نے دو سالوں میں 21 ہزار ٹریکٹر تقسیم کر دیے ہیں اور رواں سال 10 ہزار ٹریکٹر کسانوں کو مزید دینے جا رہی ہیں ۔اس کے علاوہ مریم نواز کی حکومت ٹیوب ویل کی سولرائزیشن ،سپر سیڈر کی تقسیم ،زرعی مشینری کی فراہمی اور کسان کارڈ جیسے انقلابی اقدامات شروع کرچکی ہیں اور ان منصوبوں سے پنجاب کا کسان آج مستفید ہو رہا ہے ۔مریم نواز کی ڈکشنری میں ”غور کریں گے ،سوچیں گے اورہوگا“ جیسے الفاظ نہیں ہیں۔ وہ کسی بھی منصوبے کا افتتاح تب ہی کرتی ہیں جب اس سے عام آدمی کو فائدہ ملنا شروع ہو جاتا ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ 30 ہزار کلومیٹر کی سڑکیں مریم نواز کی حکومت بنا چکی ہے ۔ماضی میں جو منصوبے حکومتیں الیکشن کے آخری سال میں شروع کرتی تھی مریم نواز کی حکومت پہلے دو سالوں میں وہ منصوبے مکمل کر چکی ہے ۔

 مریم نواز ایک درد دل رکھنے والی ماں کی حیثیت سے پنجاب کو چلا رہی ہے وہ پنجاب کے ہر شہری کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتی ہیں اور لوگوں کے لیے سہولیات فراہم کر کے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں لا کر وخوش ہوتی ہیں۔ مریم نواز پہلی وزیر اعلی ہے جو ایک لفظ بار بار استعمال کرتی ہیں کہ میں یہ منصوبہ شروع کر کے آپ پر کوئی احسان نہیں کر رہی یہ آپ کا حق تھا جو آپ کو ملا ہے ۔پنجاب میں پہلی مرتبہ ایسے لگ رہا ہے کہ عوام کو خیالی پلاؤ نہیں دکھائے جاتے جیسے ماضی میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے جھوٹے خواب دکھائے گئے ۔اب وعدے نہیں عمل ہو رہا ہے اور یہ ٓاپ کو الیکٹرک بسوں، کلینک آن ویلز ،مریم نواز ہیلتھ کلینک ،ستھرا پنجاب سمیت ایسے کئی منصوبوں کی شکل میں ہر شہر میں نظر آرہے ہیں۔

  مجھے ذاتی طور پر مریم نواز کا جو منصوبہ سب سے اچھا لگا ہے وہ شہروں کی بیوٹیفکیشن کا پروجیکٹ ہے کیونکہ کسی بھی شہر کی پہچان اس کی خوبصورتی سے ہوتی ہے ۔آج آپ پنجاب کے کسی بھی شہر میں داخل ہوں گے تو آپ کا استقبال ایک خوبصورت منظر کرے گا جس کو دیکھ کر آپ کی آنکھوں کو ٹھنڈک پڑتی ہے اور آپ دل ہی دل میں بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔ مریم نواز نے دو تین ممالک کے جو دورے کیے تھے ان سے انہوں نے بہت کچھ لگتا ہے سیکھ لیا ہے وہ پنجاب کو بھی ایسا ہی بنانا چاہتی ہیں کہ یہاں باہر سے لوگ آئیں اور ان کو محسوس ہو کہ وہ واقع ہی کسی خوبصورت صوبے میں داخل ہوئیے ہیں۔اگر مریم نواز کے ایسے ہی کام کرنے، گڈ گورننس قائم رکھنے اور میرٹ کو یقینی بنانے کی رفتار یہی رہی تو اگلے تین سال تک پنجاب پاکستان کے دیگر صوبوں سمیت دنیا کے کئی ممالک سے بہت آگے نکل جائے گا کیونکہ جہاں گڈ گورننس ہوگی اور میرٹ ہوگا وہاں عام آدمی کی زندگی بہت آسان ہوگی اور کسی بھی فلاحی ریاست کی یہی سب سے بڑی نشانی ہوتی ہے ۔اللہ تعالی مریم نواز کی مدد فرمائے۔

نوٹ:بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ایڈیٹر