ویب ڈیسک: سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے ملک کے 9 ریجنوں کے لیے موسمی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے موسم کو غیر یقینی قرار دے دیا ہے، جس کی وجہ سے متعدد شہروں میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں شدید جبکہ بعض میں ہلکی سے درمیانی بارش اور کہیں برفباری، تیز ہوائیں، گرج چمک اور حد نگاہ میں کمی کے امکانات کا اظہار کیا ہے, یہ ہائی الرٹ آج بدھ کی صبح فجر کے وقت سے لے کر شام تک نافذ رہیں گے جبکہ ممکنہ اثرات کے پیش نظر مسلسل نگرانی اور احتیاطی تدابیر کی تاکید کی گئی ہے۔
موسمی غیر یقینی صورتحال کے باعث مشرقی ریجن کے متعدد شہروں میں آج اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جہاں بارش کی توقع ہے جو حفر الباطن، الخفجی، النعیریہ، قریۃ العلیا، الاحساء، بقیق، الجبیل، الخبر، الدمام، القطیف اور رأس تنورہ سمیت متعدد شہروں میں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہ موسمی کیفیت دوپہر 12 بجے سے رات 23 بجے تک جاری رہے گی اس دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے،عسیر کے شہر ابہا، احد رفیدہ، خمیس مشیط، الحرجہ، الفرشہ، سراۃ عبیدہ اور ظہران الجنوب کے لئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے جہاں دوپہر 13 بجے سے رات 20 بجے تک ہلکی بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہے،
رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے شہر رابغ کے رہائشیوں کے لئے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں دو ادوار میں ہلکی بارش کا امکان ہے، پہلا دور صبح 06 بجے سے دوپہر 14 بجے تک جبکہ دوسرا دور دوپہر 13 بجے سے رات 20 بجے تک رہے گا، اس دوران تیز ہوائیں اور گرج چمک بھی متوقع ہے۔