ویب ڈیسک : متحدہ عرب امارات میں 2026 کے دوران عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی متوقع تعطیلات کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جو آئندہ سال کی طویل ترین اور اہم سرکاری چھٹیوں میں شمار ہوں گی۔
یو اے ای کے سرکاری تعطیلات کے قانون کے مطابق 2026 میں کم از کم 12 سرکاری تعطیلات ہوں گی، جن میں سب سے زیادہ دن عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے مواقع پر متوقع ہیں۔ تاہم قوانین کے تحت عیدین کی تعطیلات کو ہفتے کے آغاز یا اختتام کے ساتھ جوڑنے کی سہولت لاگو نہیں ہوتی۔
فلکیاتی اندازوں کے مطابق عیدالفطر 2026 جمعہ 20 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث جمعہ، ہفتہ اور اتوار تین روزہ تعطیلات متوقع ہیں۔ اس طرح شہریوں کو طویل ویک اینڈ میسر آ سکتا ہے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل یومِ عرفہ 9 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے، جو ممکنہ طور پر منگل 26 مئی کو ہوگا۔ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی سے جمعہ 29 مئی تک متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ویک اینڈ شامل ہونے کی صورت میں چھ روزہ وقفہ بن سکتا ہے۔
اسی طرح یو اے ای کا قومی دن عید الاتحاد 2 اور 3 دسمبر کو منایا جاتا ہے، جو 2026 میں بدھ اور جمعرات کو آئے گا۔ امکان ہے کہ جمعہ کو سرکاری اداروں میں ریموٹ ورک کی سہولت دی جائے، تاہم نجی شعبے میں معمول کے مطابق کام ہو سکتا ہے۔
عیدوں کی حتمی تاریخوں کا اعلان چاند دیکھنے اور سرکاری تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔