(سٹی 42) باغوں کے شہر لاہور نے دھند کی سفید چادر اوڑھ لی،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات نے 20 دسمبر سے بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،گرین ٹاؤن ، ٹاؤن شپ ، کوٹ لکھپت، فیروز پور روڈ، غوث الاعظم روڈ، ملتان روڈ ، کینال روڈ، آزادی چوک اور شاہدرہ کے علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
حد نگاہ بہتر ہونے پر لاہور موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں،اس حوالےسےموبائل فون ایپلیکیشن"این ایچ ایم پی ہمسفر"میں تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہرمیں کم سےکم درجہ حرارت4 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر میں 4 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی موجودہ صورتحال 2 سے 3 روز تک برقرار رہے گی جبکہ 20دسمبر سے بارشوں کا امکان ہے،جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گاجبکہ دھند چھٹ جائے گی۔
سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اسلم چودھری نے کہا کہ دسمبر میں سردی کی شدت مزید بڑھے گی لیکن سموگ نہیں ہوگی اور لاہور شہر سے سموگ کے بادل چھٹ چکے ہیں یہی وجہ ہےکہ ائیر کوالٹی بتدریج بہتر ہوتی جارہی ہے۔