شاہد ندیم سپرا:حکومت نے حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی کردی ہے۔ حج درخواستیں اب 18 اگست 2026 سے وصول کی جائیں گی، جبکہ درخواستوں کی وصولی پہلے آج سے شروع ہونا تھی۔
حکام کے مطابق حج 2027 کے لیے درخواستیں اور اخراجات صرف حبیب بینک کے ذریعے جمع کرائے جا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے گزشتہ برسوں میں نامزد 16 بینکوں کے بجائے صرف حبیب بینک کو منتخب کیا گیا ہے۔
حج درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور حج کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
حج درخواست جمع کراتے وقت عازمین کو پہلی قسط کے طور پر نصف حج اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔ عازمین ون لنک، پی ایس آئی ڈی یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرسکیں گے، جبکہ آن لائن چالان حاصل کرکے حج اخراجات نقد بھی جمع کرائے جاسکیں گے۔
حج درخواستیں حبیب بینک کی متعلقہ برانچوں کے علاوہ پاک حج ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے بھی جمع کرائی جاسکیں گی۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواست جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق سرکاری حج سکیم کے لیے صرف وہی افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو پہلے سے رجسٹرڈ ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت لانگ اور شارٹ حج پیکیج کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی، جبکہ درخواستوں کی وصولی مقررہ حج کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔