سٹی 42 : پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران کے ناگزیر مضبوط دفاع اور ثابت قدم مزاحمت کے ساتھ صورتحال آگے بڑھ رہی ہے، لبنان میں جنگ بندی ممکن، خطے میں کشیدگی میں کمی کی امید ہے۔
پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا ایکس پر اہم بیان جاری کیا ، انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے سے علاقائی استحکام کی راہ ہموار ہوئی، آبنائے ہرمز کھلنے سے عالمی اور علاقائی تجارت میں بہتری کی امید ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی متحرک سفارتی کوششوں نے کلیدی کردار ادا کیا، سفارتکاری کو موقع دینا خطے میں جامع اور متحد کوششوں کی بنیاد رکھتا ہے، مستقل امن، اجتماعی سیکیورٹی اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں، اعتماد، خیرسگالی، احترام اور “عملی اقدامات” ہی اہداف کے حصول کا راستہ ہیں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ علاقائی ممالک کے درمیان ہم آہنگی موجودہ خلیج کو کم کر سکتی ہے۔ دانشور، سیاستدان، اسکالرز اور میڈیا ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خطے میں اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔