ڈی جی محکمہ ماحولیات نے ڈائریکٹر ایڈمن کو سرنڈر کردیا

ڈی جی محکمہ ماحولیات نے ڈائریکٹر ایڈمن کو سرنڈر کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعدیہ خان ) محکمہ ماحولیات کے ڈی جی نے ڈائریکٹر ایڈمن کو کام کرنے سےروکتے ہوئے سرنڈر کردیا، سنگین نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے سیکرٹری ماحولیات کو مراسلہ لکھ دیا۔

ڈی جی ماحولیات نے مراسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ توقیر قریشی کو محکمہ نے پہلے بھی معطل کیا ہے۔ توقیر قریشی نے سابق ڈی جی ماحولیات کی سرکاری گاڑی پر اینٹوں سے حملہ کیا تھا، جس پر اُس دور میں دو مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا۔ مراسلے میں ڈائریکٹرجنرل تنویر وڑائچ نے ڈائریکٹر ایڈمن توقیر قریشی کو بلیک میلر اور بدعنوان قرار دیا ہے۔

ایسا سرکاری افسر جس کے خلاف پولیس کی تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی، سیاسی مداخلت سے دوبارہ محکمہ ماحولیات میں بحال کر دیا گیا۔ توقیر قریشی کی بحالی کے بعد وزیر ماحولیات پنجاب نے انہیں ڈائریکٹر ایڈمن تعینات کرانے کیلئے سمری بھجوائی تھی۔

چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوائی گئی سمری کو سیکرٹری ریگولیشن کے تحفظات پر مسترد کردیا گیا، سیکرٹری ریگولیشن نے موقف اپنایا تھا کہ ایسا آفیسر جس کے خلاف ایک انکوائری گوجرانوالہ کمشنرآفس میں موخر ہے، جس پر سنجیدہ نوعیت کے الزامات عائد ہوں۔اس کو ڈائریکٹر ایڈمن کیسے تعینات کیا جاسکتاہے؟

مراسلے کے مطابق اعتراضات کے باجود توقیر قریشی کو ڈائریکٹر ایڈمن کی اہم ترین پوسٹ کا عارضی چارج دیدیا گیا۔