(قیصرکھوکھر) حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو سولر سیکرٹریٹ بنانے کی منظوری دے دی، حکومت پنجاب کا سالانہ بجلی کا بل تیس ارب روپے آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے بجلی کے اخراجات بچانے کےلئےجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو سولر سیکرٹریٹ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت پنجاب کا سالانہ بجلی بل تیس ارب روپے آتا ہے۔محکمہ انرجی نے یہ سالانہ بل کی بچت کا پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔ محکمہ انرجی کے 93ہزار بجلی کےمیٹر سرکاری محکموں کے ہیں ۔
محکمہ انرجی نے تمام محکموں میں سولر بلب لگانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔محکمہ انرجی نےدفاتر میں ایل ای ڈی لگانے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔جبکہ پنجاب سول سیکرٹریٹ کو بھی بتدریج سولر سیکرٹریٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ انرجی نے بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ تمام نئی سرکاری عمارتوں کو سولر بنایاجائے۔
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کوقانونی حیثیت مل چکی ہے،جنوبی پنجاب میں 15 صوبائی محکموں کی تشکیل اور سیکرٹریز کی تعیناتی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں محکمہ زراعت، محکمہ مواصلات و تعمیرات بنانے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے، ساؤتھ سیکرٹریٹ میں محکمہ خزانہ، بلدیات، قانون، پی اینڈ ڈی اور آبپاشی کے محکمے بنانے کی منظوری بھی ہوگئی۔
علاوہ ازیں ساؤتھ پنجاب میں ہائیر ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن، سپیشل اور لٹریسی کا ایک محکمہ ہوگا، ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، جنگلات اور فشریز کے محکمے بنانے کی منظوری بھی دی گئی تھی، ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کا الگ سے محکمہ داخلہ اور بااختیار سیکرٹری ہوگا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بورڈ آف ریونیو اور سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے محکمے بھی ہوں گے۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو چیف سیکرٹری پنجاب کی طرح مکمل اختیار دیے سونپ گئے،صوبائی وزراء ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کے وزیر رہیں گے۔