میاں نوازشریف کے علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کی تیاریاں مکمل

میاں نوازشریف کے علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کی تیاریاں مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمر اسلم ) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات کے بعد نوازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی گئیں، اڑتالیس گھنٹوں میں ائیر ایمبولینس لاہور پہنچ جائے گئی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے احکامات کے بعد انہیں بیرون ملک علاج کیلئے منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، میاں نوازشریف کو طویل ہوائی سفر کرنے کے لئے طبی طور پر تیار کرنے کے لئے ڈاکٹرز کو اڑتالیس گھنٹے درکار ہیں جبکہ شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق لندن سے حسین نواز نے ائیر ایمبولینس لاہور پہنچانے کا انتظام کیا ہے جو قطر سے اڑتالیس گھنٹے میں لاہور پہنچے گی۔

ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سفر کے لئے ڈاکٹر عدنان نے میاں نوازشریف کا میڈیکل چیک اپ کیا جبکہ مریم نواز اور ڈاکٹر عدنان میں گفتگو بھی ہوئی۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق نوازشریف کے بیرون ملک فضائی سفر کے دوران پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے، دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کے لئے ڈاکٹرز طبی احتیاط کی تیاری کے عمل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی اولین کوشش ہے کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لائیں جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں جبکہ شریف خاندان نے قوم سے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔