سعید احمد: جدہ سے لاہور آنے والی ایئر بلیو کی پرواز لینڈنگ سے قبل پرندہ ٹکرانے کے واقعے کا شکار ہوگئی، جس کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرندہ طیارے کے انجن نمبر ون سے ٹکرایا، جس کے باعث طیارے کو تکنیکی جانچ کے لیے فوری طور پر گراؤنڈ کیا گیا طیارہ گراؤنڈ ہونے کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی ایئر بلیو کی پرواز 401 بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پرواز کو صبح 10 بجے کراچی کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم تاحال روانہ نہیں ہو سکی۔
پرواز میں تاخیر پر ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے احتجاج کیا جبکہ عملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو پرواز کی روانگی سے متعلق درست اور بروقت معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں جس کے باعث شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔