طاہر جمیل: حکومتِ پنجاب کی جانب سے منصوبہ برائے اصلاحِ نظامِ اراضی کے تحت مشترکہ اراضی کی بلا معاوضہ تقسیم مہم میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت 10 لاکھ سے زائد ونڈہ جات کی تقسیم مکمل کر لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے 81 ہزار سے زائد خواتین کو وراثتی حقوق کا تحفظ حاصل ہوا ہے، جو خواتین کے قانونی اور معاشی حقوق کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مطابق مہم کے دوران 4 لاکھ مشترکہ کھیوٹوں کی تقسیم بھی مکمل کی جا چکی ہے، جس سے اراضی کے دیرینہ تنازعات کے حل میں مدد ملے گی۔
پنجاب حکومت کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف اراضی تنازعات میں کمی متوقع ہے بلکہ کھیوٹ سسٹم سے نجات اور کمپیوٹرائزڈ پیمائش کے عمل میں بھی تیزی آئے گی مشترکہ اراضی کی بروقت تقسیم سے قانونی پیچیدگیوں میں نمایاں کمی ممکن ہوگی جبکہ شہریوں کو اراضی سے متعلق امور میں زیادہ سہولت میسر آئے گی۔