افشاں رضوان:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو شہریوں نے ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مزید ریلیف کا مطالبہ کر دیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے لوگوں کیلئے “اونٹ کے منہ میں زیرہ” کے برابر ہے۔
شہریوں کے مطابق گزشتہ دنوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 سے 40 روپے تک اضافہ کیا گیا، تاہم اب صرف 5 روپے کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات روزمرہ استعمال کی تمام اشیا پر پڑتے ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے, عید قریب ہونے کے باوجود مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ جانور خریدنا تو دور، بچوں کیلئے کپڑے خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ اخراجات اور مہنگائی میں کمی آ سکے اور عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔