درَنایاب:عید الفطر کے دنوں میں شہر کے پارکوں میں شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا جبکہ اے کیٹگری پارکوں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ پارکوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فعال ہونے چاہئیں تاکہ سکیورٹی انتظامات مؤثر بنائے جا سکیں۔
ایم ڈی پی ایچ اے کے مطابق عید الفطر کے ایام میں افسران اور عملہ ڈیوٹی پر موجود ہوگا جبکہ پی ایچ اے کے افسران و ملازمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں گے۔
گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال پارک، باغ جناح، جلانی پارک اور جلو بوٹینیکل گارڈن میں خصوصی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب عید الفطر کے قریب آتے ہی شہر بھر کے بازاروں اور تجارتی مراکز میں رونقیں بحال ہو گئی ہیں اور خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔
بازاروں میں کپڑوں، جوتوں، چوڑیوں، مہندی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری زور و شور سے جاری ہے جبکہ خواتین اور بچے عید کے لیے ملبوسات، چوڑیاں اور کاسمیٹکس کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔
نوجوان طبقہ بھی فیشن ایبل کپڑوں اور جوتوں کی خریداری میں خاصی دلچسپی لے رہا ہے جس کے باعث مارکیٹوں میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
دوسری جانب مہندی لگانے والی خواتین کے پاس بھی عید سے قبل ہی بکنگ شروع ہو گئی ہے اور بیشتر بیوٹی پارلرز پر رش بڑھ گیا ہے۔