ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محرم الحرام اور مون سون انتظامات: وزیر بلدیات کی صفائی پلان جلد مکمل کرنے کی ہدایت

محرم الحرام اور مون سون انتظامات: وزیر بلدیات کی صفائی پلان جلد مکمل کرنے کی ہدایت
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد:صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، ڈی جی سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین اور تمام ضلعی سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کو مؤثر بنانے کے لیے ڈرینز کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تمام مینجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ محرم الحرام اور مون سون کے حوالے سے صفائی کے جامع پلان بروقت مکمل کر کے ارسال کیے جائیں تاکہ تمام انتظامات وقت پر یقینی بنائے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران صفائی ستھرائی کے لیے سُتھرا پنجاب کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جبکہ امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر معمول سے زیادہ توجہ دی جائے گی تاکہ عزاداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ میونسپل چیف آفیسرز عزاداروں کو درکار دیگر سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائیں، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ٹھنڈے پانی کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

اجلاس میں مون سون سے قبل ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا عمل مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ڈرینز کی صفائی اور نکاسی آب کے آپریشنز کی براہ راست نگرانی کریں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مون سون کے پیش نظر نکاسی آب کے مؤثر انتظامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔