ویب ڈیسک:گوگل نے اپنی نئی اسمارٹ فون سیریز Pixel 11 کی باضابطہ رونمائی سے قبل پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس کے بعد ٹیکنالوجی شائقین میں نئے فون کے حوالے سے دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔ کمپنی نے لانچ ایونٹ کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
گوگل کے مطابق Pixel 11 سیریز کو 12 اگست کو نیویارک میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسی روز اسمارٹ فونز کی پری آرڈر بکنگ بھی شروع کر دی جائے گی۔
کمپنی نے اپنے آن لائن اسٹور کے ہوم پیج پر ایک مختصر ٹیزر ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پہلی مرتبہ Pixel Glow نامی نئے فیچر کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق Pixel Glow ایک گول شکل کی ایل ای ڈی لائٹ ہوگی، جو مختلف رنگوں میں روشن ہونے کی صلاحیت رکھے گی۔ اس فیچر کا مقصد نوٹیفکیشنز کو زیادہ نمایاں انداز میں ظاہر کرنا ہے، جبکہ امکان ہے کہ صارفین مختلف ایپس کے لیے الگ الگ رنگ بھی منتخب کر سکیں گے۔ تاہم گوگل نے اس فیچر کی مکمل تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ گوگل نے سرکاری طور پر Pixel 11 نام کی تصدیق کی ہے، کیونکہ اس سے قبل کمپنی نے نئے فون کا نام باضابطہ طور پر سامنے نہیں لایا تھا۔
گوگل نے امریکی صارفین کے لیے ایک خصوصی آفر بھی متعارف کرائی ہے۔ کمپنی کے مطابق جو صارفین 7 اگست کو رات 11:59 بجے (پیسیفک ٹائم) سے پہلے گوگل اسٹور پر اپنا ای میل رجسٹر کریں گے، انہیں 12 اگست کو ایک خصوصی پرومو کوڈ بھیجا جائے گا، جس کے ذریعے وہ 27 اگست تک Pixel 11 ڈیوائسز کی خریداری پر خصوصی رعایت یا دیگر آفرز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ Pixel 11 سیریز میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نئے فیچرز، مزید بہتر کیمرا سسٹم اور جدید سافٹ ویئر تجربہ متوقع ہے، جبکہ ان تمام خصوصیات کی مکمل تفصیلات لانچ ایونٹ کے دوران سامنے آئیں گی۔