(رضوان نقوی) کسٹمز اینٹی سمگلنگ نے نولکھا چوک کے قریب خفیہ اطلاع پر مشکوک کار کو روک کر ایک کروڑ پندرہ لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ہیروئن اور آئس برآمد کرلی۔
کسٹمز اینٹی سمگلنگ سکواڈ نے نو لکھا چوک کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے رُکنے کے بجائے گاڑی بھگا دی، کسٹمز سکواڈ نے انسپکٹر مراتب مشتاق کی سربراہی میں کار کا تعاقب کیا توملزم ایل ای 688کرولا کار چھوڑ کر رش کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، گاڑی کی تلاشی کے دوران گاڑی سے تقریباً آدھا کلو ہیروئن پاؤڈر اور سو گرام کے قریب آئس برآمد ہوئی۔
کسٹمز حکام کے مطابق ہیروئن اور آئس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً ایک کروڑ پندرہ لاکھ روپے ہے، ڈپٹی کلکٹر نویدالرحمن بگوی کی ہدایت پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔