عابد چودھری :لاہورشہر میں ٹریفک نظام کو جدید اور ماحول دوست بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کو بی وائے ڈی (BYD) کی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ الیکٹرک گاڑیاں مختلف ٹریفک سیکٹرز کے حوالے کی جائیں گی۔
ابتدائی مرحلے میں الیکٹرک گاڑیاں شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں پر استعمال کی جائیں گی تاکہ ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ ایندھن کی مد میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔
پولیس حکام کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس کو مزید 10 الیکٹرک گاڑیاں جلد فراہم کی جائیں گی، جس سے ٹریفک پولیس کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا اور جدید سہولیات کے ذریعے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔