(شاہد ندیم سپرا) لیسکو کاہنہ سب ڈویژن میں افسران و ملازمین کی ملی بھگت سے کمرشل و صنعتی صارفین کو وسیع پیمانے پر بجلی چوری کرانے کا انکشاف ہوا ہے، پینڈنگ یونٹس کی مد میں صارفین کو لاکھوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا تاہم چیکنگ کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو کاہنہ سب ڈویژن میں وسیع پیمانے پر بجلی چوری کروانے کا انکشاف ہوا ہے، کمرشل و صنعتی سیکٹر میں پینڈنگ یونٹس کی مد میں بجلی چوری ہونے لگی تھی، افسران و ملازمین نے لاکھوں یونٹس پینڈنگ کر کے صارفین کو فائدہ پہنچایا اور بجلی کی کھپت کے برعکس کم بل بھجوائے گئے، ایس ڈی او کاہنہ سب ڈویژن قربان علی نے کوٹ لکھپت ڈویژن کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، ایس ڈی او قربان علی نے چارج سنبھالنے کے بعد معمول کی چیکنگ کی تھی اور معمول کی چیکنگ کے دوران متعدد صارفین کے لاکھوں پینڈنگ یونٹس کی نشاندہی ہوئی جبکہ چھ صارفین کو دانستہ طور پر زیرو ریڈنگ ڈال کر فائدہ پہنچایا گیا۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسسٹنٹ لائن مین عامر مشتاق صارفین کی ریڈنگ لیتا رہا، کمپنی قوانین کے مطابق بڑے کنکشنز کی ریڈنگ لینا متعلقہ ایس ڈی او کی ذمہ داری ہوتی ہے تاہم فرائض میں غفلت برتنے کی وجہ سے لاکھوں یونٹس کا فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔