ویب ڈیسک : بنگلورو میں ایک نجی بینک کے ڈپٹی منیجر کو صارفین کے سونے میں مبینہ خردبرد کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے 2,780 گرام سونا، جس کی مالیت تقریباً 3.5 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے، صارفین کی اجازت کے بغیر بینک لاکروں سے نکال کر ایک فنانس کمپنی کے پاس بطور ضمانت رکھوایا۔
یہ معاملہ 5 فروری کو اس وقت سامنے آیا جب بینک کے چیف منیجر نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کروائی، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے حاصل کی گئی رقم مبینہ طور پر آن لائن بیٹنگ میں خرچ کی۔ پولیس کے مطابق اب تک تقریباً 700 گرام سونا برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ باقی سونے کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔
بینک حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ فنانس کمپنیوں کی جانب سے مکمل تعاون نہیں کیا جا رہا، جس پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔