ویب ڈیسک : پنجاب کے شہر پتوکی میں خاتون کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کو بچانے کیلیے گٹر میں اترنے والا نوجوان بھی جان سے گیا۔
افسوسناک واقعہ چونیاں روڈ پر پیش آیا، واقع کے متعلق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون کو بچانے کیلیے 2 نوجوان مین ہول میں اترے تھے اور تینوں پھنس گئے، ہم نے خاتون سمیت نوجوانوں کو اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا، 15 منٹ کی کوشش سے جب انہیں مین ہول سے نکالا گیا تو تینوں کی حالت غیر تھی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں خاتون اور ایک نوجوان نے دم توڑ دیا جبکہ دوسرے نوجوان کی حالت تشویشناک ہے جسے علاج کیلیے لاہور بھجوا دیا گیا۔
شہریوں کی جانب سے پتوکی ملانوالہ بائی پاس پر انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ درجنوں کھلے مین ہول شہریوں کیلیے وبال جان بن گئے ہیں، وزیر اعلیٰ اور کمشنر کھلے مین ہول کا فوری نوٹس لیں۔