سٹی 42: قومی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام پانچ بجے ہوگا، جس میں اہم قانون سازی سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے۔
اجلاس میں اسلام آباد میں پانی کی قلت کا معاملہ توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے اٹھایا جائے گا، جبکہ ملازمین اولڈ ایج بینیفٹس ایکٹ 1976، نیچرل گیس ڈویلپمنٹ سرچارج آرڈیننس 1967، نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان ایکٹ 2022 اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ 2015 میں ترامیم سے متعلق بل پیش کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی پیش ہوں گی، جن میں انشورنس بل 2026، کاپی رائٹ ترمیمی بل 2026، پاکستان ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن ترمیمی بل 2026، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ترمیمی بل 2026، پورٹ قاسم اتھارٹی ترمیمی بل 2025، گوادر پورٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2025 اور کیریج آف گڈز بائی سی بل 2026 سے متعلق رپورٹس شامل ہیں۔
اوگرا ترمیمی بل 2026، محفوظ شدہ دستاویزی مواد ترمیمی بل 2026، وفاقی حکومتی غیر منقولہ جائیداد مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026، اسلام آباد ٹریول ایجنسیز ترمیمی بل 2026، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل 2026، پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ترمیمی بل 2026 اور موشن پکچرز ترمیمی بل 2026 بھی ایوان میں زیر غور آئیں گے۔ ان بلوں کی منظوری کے لیے متعلقہ تحاریک بھی پیش کی جائیں گی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ 2025، اسٹیٹ بینک کی مالی سال 2025-26 کی ششماہی رپورٹ اور پاکستان کی معیشت کی صورتحال سے متعلق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کی نگرانی سے متعلق رپورٹ اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کی سالانہ رپورٹ 2025-26 بھی ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بحث بھی ہوگی۔ ایجنڈے میں صدر مملکت کے 2 مارچ 2026 کے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک شامل ہے۔شکرپڑیاں میں قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لیے زمین کی الاٹمنٹ میں تاخیر کا معاملہ بھی قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ اس حوالے سے سی ڈی اے کی جانب سے زمین کی الاٹمنٹ میں تاخیر پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں عوامی اہمیت کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔