سٹی 42: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں مخصوص نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان، سینیٹر انوشہ رحمان، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں خواتین رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں کی کارکردگی کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے مخصوص نشستوں کی امیدوار خواتین کے انٹرویوز بھی کیے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں اور خواتین کی نمائندگی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر خواتین ارکان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔