جہاز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلانے پر پاکستانی ماڈل گرفتار

جہاز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلانے پر پاکستانی ماڈل گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: جہاز میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلا کر جہاز واپس سڈنی ائیرپورٹ پلٹنے پر مجبور کرنے والے سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف علی کوآسٹریلین پولیس نے گرفتار کرلیا۔

آسٹریلین پولیس کے مطابق  45 سالہ سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف علی نے سڈنی سے کوالالمپور جانے والی بین الاقوامی فلائٹ میں بم کی جھوٹی افواہ پھیلائی اور جہاز واپس سڈنی ائیرپورٹ پلٹنے پر مجبور کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  محمد عارف علی نے جہاز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے بیگ میں دھماکہ خیز مواد موجود ہے، جس کے بعد جہاز کو واپس سڈنی لینڈ کروانے کے بعد انہیں جھوٹی افواہ اور جہاز کو نقصان پہنچانے کی دھمکیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر محمد عارف علی کی فلائٹ میں مسافروں اور عملے کے ساتھ بحث کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ جہاز میں عبادت کرنے کے بعد مسافروں سے بار بار پوچھنا شروع کر دیتے ہیں کہ کیا آپ خود کو اللہ کا غلام سمجھتے ہیں؟ 

شوبز انڈسٹری میں محمد عارف علی کے جاننے والوں میں سے کچھ لوگوں کی جانب سے سابق اداکار و ماڈل کے شدت پسند خیالات پر حیرانی اور تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ کچھ لوگوں نے ذہنی صحت سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے ان کی ذہنی صحت کا معائنہ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ سابق پاکستانی ماڈل محمد عارف علی ابرار الحق کے مشہور گانے ’پریتو‘ میں ماڈلنگ کے علاوہ جواد بشیر کی ہدایات میں بننے والے ایک سٹ کام ’کالج جینز‘ میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔ محمد عارف علی  2002 میں نیشنل کالج آف آرٹس سے آرکیٹیکچر میں گریجوئیشن مکمل کرنے کے بعد کراچی اور لاہور کے مختلف اداروں میں اہم عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔