( عثمان الیاس ) گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس، گجرات کی متوفیہ نرس صدف کو شہادت کا درجہ نہ دینے اور کورونا کے باعث فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی پر بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں گرینڈ ہیلتھ الائنس اور وائے ڈی اے کی جانب سے کی گئی۔
چیئرمین وائے ڈی اے پنجاب کا کہنا تھا کہ آج پنجاب بھر میں ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں تمام سروسز جاری رہیں گی کام بند نہیں ہوگا۔ گجرات میں صدف جمیل کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے شہید ہوگئی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حکومت کہتی ہے نرس کا کورونا کا ٹیسٹ نہیں ہوا، حکومت صدف کی موت کے حقائق چھپا رہی ہے۔
چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلیمان نے کہا کہ پی آئی سی میں کورونا کا ایک مریض ہے جبکہ کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد 11 ہے، تنخواہیں ڈبل کرنے کا معاملہ بھی حکومت کا صاف جھوٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور قرنطینہ سنٹرز میں ملازمین کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کیا جا رہا ہے ڈاکٹر یاسمین راشد ابھی تک اپنی انا کی جنگ سے باہر نہیں آئیں۔
وائے این اے پنجاب ڈاکٹر صوبیہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کہتے جو ڈاکٹر اور نرسز حفاظتی انتظامات کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ان میں بھی کورونا ہو رہا ہے، وزیراعظم کو سب اچھا کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ میڈیا نمائندگان کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر یا جاں بحق ہونے پر امداد نہ دی جائے بلکہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے صحافیوں کو مالی امداد دی جائے۔